ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اس ہفتے مرکزی ٹیم خشک سالی سے متاثرہ تعلقہ جات کا دورہ کرے گی

اس ہفتے مرکزی ٹیم خشک سالی سے متاثرہ تعلقہ جات کا دورہ کرے گی

Wed, 14 Nov 2018 07:30:07    S.O. News Service

بنگلورو، 13؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے امسال سو سے زیادہ تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے، اس سلسلے میں بارہا مرکزی حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے کہ راحت کاری کے لئے فنڈز مہیا کرائے جائیں۔ اس نمائندگی پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی طرف سے امکان ہے کہ رواں ہفتے ایک جائزہ ٹیم روانہ کی جائے۔ یہ ٹیم خشک سالی سے متاثرہ مختلف تعلقہ جات کا دورہ کرے گی۔ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے کی گئی نمائندگی میں بتایاہے کہ خشک سالی کے سبب ریاست میں 16ہزار کروڑ روپیوں کا نقصان ہوا ہے، لاکھوں ایکڑ زمین پر کاشتکاری نہیں ہوسکی ہے۔ متاثرین کو راحت کاری کے طور پر حکومت کی طرف سے فنڈز مہیا کرانے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر مالگزاری آر وی دیش پانڈے، وزیر دیہی ترقیات کرشنا بائرے گوڈا اور وزیر زراعت شیوشنکر ریڈی نے حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے ریاستی حکومت کی طرف سے یہ مطالبہ رکھاتھاکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو فوری راحت کاری کے لئے 2432 کروڑ روپے مہیا کرائے جائیں۔ اس سلسلے میں وزراء کے وفد نے مرکز سے یہ بھی گزارش کی تھی کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لئے فوراً ایک مرکزی ٹیم روانہ کی جائے۔ اس وفد نے راج ناتھ سنگھ کو دئے گئے میمورنڈم میں بتایا تھا کہ خشک سالی کے سبب کس ضلع میں کتنی فصلوں کا نقصان ہوا ہے، کتنے مویشی ہلاک ہوئے ہیں اور راحت کاری کے لئے کتنی رقم درکار ہے۔ ان تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد وزیر داخلہ نے کرناٹک کو مرکزی ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس ٹیم کی آمد اور اسے فراہم کی گئی تمام تفصیلات کی بنیاد پر یہ ٹیم جو رپورٹ مرکزی حکومت کو پیش کرے گی اس کے مطابق کرناٹک کو مرکز کی طرف سے امداد مہیا کرائی جائے گی۔


Share: